۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ سبطین سبزواری

حوزہ/ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر نے سیاسی بلوائیوں کی طرف سے قومی املاک اور جناح ہاؤس کو جلانے، آرمی تنصیبات پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کرنا اور گرفتاری سے ڈرنا دو متضاد رویے ہیں۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام سبزواری نے سیاسی بلوائیوں کی طرف سے قومی املاک اور جناح ہاؤس کو جلانے، آرمی تنصیبات پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کرنا اور گرفتاری سے ڈرنا دو متضاد رویے ہیں اور کوئی سیاسی جماعت ریاست سے نہیں لڑتی، بلکہ سیاسی اور آئینی راستہ اختیار کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا مقدمات جھوٹے ہیں تو عدالتوں میں فیصلہ ہوجائے گا، لہٰذا سیاسی قائدین کو عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنا چاہیئے۔

حجت الاسلام سبزواری نے کہا کہ تکفیری بازاری دہشتگردوں کی طرف سے شیعہ ٹارگٹ کلنگ پر قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر ہونے والے پرامن احتجاج مثالی ہیں، ہم نے احتجاج کئے مگر قومی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا اور نہ ہی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی۔

جامعہ النجف میں مختلف وفود سے ملاقات میں علامہ سبطین سبزواری نے افسوس کا اظہار کیا کہ احتجاج کے دوران نشان حیدر حاصل کرنے والے قومی ہیروز کی یادگار کی جس طرح توہین کی گئی ناقابل معافی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق آئین دیتا ہے، لیکن سیاسی قائدین سے اپیل ہے کہ وہ احتجاج تحمل اور بردباری کے ساتھ کریں۔

اسلامی تحریک کے رہنما نے سیاسی بلوائیوں کے حملے کے وقت فوج کی طرف سے صبر و تحمل اور مشتعل نہ ہونے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سیاسی رویہ اختیار کرنا چاہیئے۔

انہوں نے زور دیا کہ معاملے کا سیاسی حل تلاش کیا جائے۔ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی باتیں افسوسناک ہیں۔ اصلاح احوال کے لئے سیاسی قائدین اور اداروں کو اپنی انا کی قربانی دینی چاہیئے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .